منگل، 18 اکتوبر، 2022

بوڑھے آدمی کا مقدمہ

*🟢 کویت میں ایک بوڑھا آدمی عدالت میں داخل ہوا تاکہ اپنی شکایت (مقدمہ) قاضی کے سامنے پیش کرے-*

قاضی نے پوچھا آپ کامقدمہ کس کے خلاف ہے؟
اس نےکہا اپنے بیٹے کے خلاف۔۔۔ قاضی حیران ہوا اور پوچھا کیا شکایت ہے؟
بوڑھے نے کہا:
"میں اپنے بیٹے سے اس کی استطاعت کے مطابق ماہانہ خرچہ مانگ رہا ہوں۔۔۔"
*قاضی نے کہا یہ تو آپ کا اپنے بیٹے پر ایسا حق ہے کہ جس کے دلائل سننے کی ضرورت ہی نہیں ہے*
بوڑھے نے کہا:
قاضی صاحب۔۔۔! اس کے باوجود کہ میں مالدار ہوں اور پیسوں کا محتاج نہیں ہوں، لیکن میں چاہتا ہوں کہ اپنے بیٹے سے ماہانہ خرچہ وصول کرتا رہوں۔۔۔
قاضی حیرت میں پڑ گیا اور اس سے اس کے بیٹے کا نام اور پتہ لیکر اسے عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا۔ بیٹا عدالت میں حاضر ہوا تو قاضی نے اس سے پوچھا کیا یہ آپ کے والد ہیں؟
بیٹے نے کہا جی ہاں یہ میرے والد ہیں۔۔۔
قاضی نے کہا انہوں نے آپ  کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے کہ آپ ان کو ماہانہ خرچہ ادا کرتے رہیں چاہے کتنا ہی معمولی کیوں نہ ہو۔۔۔
بیٹے نے حیرت سے کہا وہ مجھ سے خرچہ کیوں مانگ رہے ہیں جبکہ وہ خود بہت مالدار ہیں اور انہیں میری مدد کی ضرورت ہی نہیں ہے۔۔۔
قاضی نے کہا یہ آپ کے والد کا تقاضا ہے اور وہ اپنے تقاضے میں آزاد اور حق بجانب ہیں۔۔۔
بوڑھے نے کہا:
قاضی صاحب۔۔۔! اگر آپ اس کو صرف ایک دینار ماہانہ ادا کرنے کاحکم دیں تو میں خوش ہو جاؤں گا بشرطیکہ وہ یہ دینار مجھے اپنے ہاتھ سے ہر مہینے بلا تاخیر اور بلا واسطہ دیا کرے۔ قاضی نے کہا بالکل ایسا ہی ہوگا یہ آپ کا حق ہے۔۔۔
*پھر قاضی نےحکم جاری کیا کہ "فلان ابن فلان اپنے والد کو تاحیات ہر ماہ ایک دینار بلا تاخیر اپنے ہاتھ سے بلا واسطہ دیا کرے گا"*
کمرۂِ عدالت چھوڑنے سے پہلے قاضی نے بوڑھے باپ سے پوچھا کہ اگر آپ برا نہ مانیں تو مجھے بتائیں کہ آپ نے دراصل یہ مقدمہ دائر کیوں کیا تھا جبکہ آپ مالدار ہیں اور آپ نے بہت ہی معمولی رقم کا مطالبہ کیا؟۔۔۔
بوڑھے نے روتے ہوئے کہا:
قاضی محترم۔۔۔! میں اپنے اس بیٹے کو دیکھنے کے لئے ترس رہا ہوں اور اس کو اس کے کاموں نے اتنا مصروف کیا ہے کہ میں ایک طویل زمانے سے اس کا چہرہ نہیں دیکھ سکا ہوں جبکہ میں اپنے بیٹے کے ساتھ شدید محبت رکھتا ہوں اور ہر وقت میرے دل میں اس کاخیال رہتا ہے یہ مجھ سے بات تک نہیں کرتا حتیٰ کہ ٹیلیفون پر بھی۔۔۔
اس مقصد کے لئے کہ میں اسے دیکھ سکوں چاہے مہینہ میں ایک دفعہ ہی سہی، میں نے یہ مقدمہ درج کیا ہے۔۔۔
یہ سن کر قاضی بے ساختہ رونے لگا اور ساتھ دوسرے بھی۔۔۔ اور بوڑھے باپ سے کہا:
اللہ کی قسم اگر آپ پہلے مجھے اس حقیقت سے اگاہ کرتے تو میں اس کو جیل بھیجتا اور کوڑے لگواتا۔
بوڑھے باپ نے مسکراتے ہوئے کہا:

سیدی قاضی۔۔۔! آپ کا یہ حکم میرے دل کو بہت تکلیف دیتا۔۔۔

*کاش بیٹے جان لیتے کہ ان کے والدین کے دلوں میں ان کی کتنی محبت ہے۔۔۔اس سے پہلے کہ وقت گزر جائے*

(ایک عربی پوسٹ کا ترجمہ)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں